وزیراعظم کی امریکہ وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ میں امن کیلئےکردار ادا کرنے پیشکش

Published On 20 June,2025 08:05 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئےکردار ادا کرنے پیشکش کی ہے۔

 شہبازشریف نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے دوران گفتگو صدرڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہوں نے پاک بھارت جنگ کا خطرہ ٹالنے پروزیرخارجہ روبیوکی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

انہوں  نے کہا کہ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے حوصلہ افزا ہیں اور پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے، تجارت اورانسداد دہشتگردی پربھی بات چیت ہونی چاہیے، ایران اسرائیل بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہرکوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کوتجارت، توانائی، آئی ٹی اور معدنیات میں تعاون بڑھانا چاہیے، کالعدم بی ایل اے، کالعدم ٹی ٹی پی اوردیگر شدت پسند گروہوں کےخلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم دہرایا اور کہاکہ پاکستان ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے  فیلڈمارشل عاصم منیرکی صدرٹرمپ سے ملاقات کو مثبت قراردیا اور اعلامیے کے مطابق پاکستان امریکا تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی اور امریکی وزیرخارجہ کوبھی جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا ہرقسم کے دہشتگردی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے مکمل تعاون کرے گا۔

علاوہ ازیں مارکو روبیو نے پاکستان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کے ذریعے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرتا رہے اور امریکا علاقائی اورعالمی امن واستحکام کیلئے پاکستان سے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔