نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ترک صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر زور

Published On 21 June,2025 07:07 pm

استنبول: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات او آئی سی اجلاس کی سائڈ لائنز پر ہوئی ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین پائیدار دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے طویل المدتی برادرانہ تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کوششیں تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صدر اردوان کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کی جانب سے ان کی قیادت کو سراہنے پر دیے گئے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔