استنبول: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے، ایران کو دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے، یو این چارٹر کے تحت ایران کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کے معاملے پر دہرا معیار اپنایا جاتا ہے، خطے کے امن کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دے سکتے
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہی ایران اور اسرائیل جنگ کا حل ممکن ہے، پاکستان علاقائی امن واستحکام کیلئے تمام اقدامات کر رہا ہے، قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بھارت کو پاکستان کا پانی روکنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت نے پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔