اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمیل بیکر عبداللہ کی الوداعی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے ایتھوپین سفیر کو عہدے کی مدت کامیابی سے مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور پاکستان ایتھوپیا کے باہمی تعلقات مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے ایتھوپین سفیر کی عہدے کی مدت میں باہمی تجارتی معاہدہ، کراچی تا ادیس ابابا (Addis Ababa) کے درمیان براہ راست پروازوں جیسے سنگ میل عبور کرنے پر خصوصی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے افریقہ میں ایتھوپیا کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کا ایتھوپیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایتھوپین سفیر نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات پر شکریہ ادا کیا اور اپنےعہدے کی مدت کے دوران حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ملنے والے تعاون اور دوستانہ ماحول پر دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔
شہباز شریف نے ایتھوپین حکومت اور رہنماؤں کے لیے دلی احترام کے جذبات اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے مزید بڑھانے کے خواہش کا بھی اظہار کیا۔