اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ملائیشیا کے دورے کے حوالے سے دفتر خارجہ کا بیان آ گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا، اسحاق ڈار اور سینئر وزراء بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم ملائیشیا نے حلال گوشت کی درآمد کے معاہدے کا خیر مقدم کیا، شہبازشریف نے ملائیشیائی وزیر اعظم کی کتاب کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کی اور فریقین نے سائنس، دفاع، ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آسیان کی چئیرمین شپ کے لیے ملائیشیا کی حمایت کا اعادہ کیا، دورے میں متعدد نئے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
دوسری جانب ترجمان کا کہنا تھاکہ دورے کے دوران اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں فلسطین اور دورہ نیویارک پر خطاب کیا اور وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں امریکی صدر سے ملاقات پر ایوان کو اعتماد میں لیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی افواج کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتا ہے، سابق سینیٹر مشتاق اسرائیلی فوجیوں کی حراست سے آزاد ہو چکے ہیں، پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے،ہم اس جنگ بندی ڈیل میں قطر، مصر اور سعودی عرب کے ان تھک کردار کو سراہتے ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم نے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جب کہ سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چئیرمین شہزادہ منصور پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہزدی منصور کے ہمراہ ایک بڑا سعودی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے،ان کے دورے میں تجارت و سرمایہ کاری اور پاکستان کے اقتصادی بڑھوتری کا ایجنڈا بات چیت میں سرفہرست ہے۔