اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاک افغان سرحدی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر پاک افغان تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پیش رفت پر گہری تشویش ہے، طالبان نے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی، طالبان حکومت نے پاک افغان سرحد پر سنگین اشتعال انگیزی کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا جواب افغانستان سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند عناصر کو بے اثر کرنے کے لیے ہے، ہمارا دفاعی ردعمل امن پسند ہے، پاکستان اپنے ردعمل میں افغان شہریوں کی جان بچانے کے لیے احتیاط برت رہا ہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، امید کرتے ہیں طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے گی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاک افغان تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ افغان جارحیت اور پاکستانی ردعمل کو پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان جنگ نہ سمجھا جائے، جارحیت افغان عبوری حکومت، طالبان اورخوارج کی جانب سے مسلط کی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان جارحیت مبینہ طور پر بھارتی مالی معاونت سے کی جا رہی ہے، دہشت گرد عناصر پاکستان کے خلاف جنگ کو ہوا دے رہے ہیں، پاکستان کا افغان عوام یا عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، جوابی کارروائی افغانستان میں موجود بھارتی حمایت یافتہ شرپسند عناصر کے خلاف ہے۔