کوئٹہ: (دنیا نیوز) مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے حالیہ بلا اشتعال جارحیت کے بعد بلوچستان کے غیور قبائل نے پاک فوج سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بعد بلوچستان کے قبائل نے بھی سرحدی دفاع کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے، برابچہ اور دلبندین کے قبائل نے پاک فوج کے ساتھ بارڈر پر جانے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہتے ہیں اور اپنے وطن کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
بلوچ قبائل نے واضح کیا کہ اگر افغانستان کی جانب سے دوبارہ جارحیت کی گئی تو صرف پاک فوج ہی نہیں بلکہ بلوچ عوام بھی سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب افغان طالبان کی جانب سے مغربی سرحد پر موجود پاکستان کی متعدد چیک پوسٹوں پر بلا اشتعال حملہ کیا گیا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے حملہ ناکام بنادیا اور افغان طالبان کو بھاری نقصان پہنچایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے بین الاقوامی سرحد پر موجود پاکستانی چیک پوسٹس پر اس وقت حملہ کردیا جب افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھارت کے دورے پر ہیں۔