اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے طالبان کو رات کی تاریکی میں حملہ کرنے پر منہ توڑ جواب دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں ’دنیا نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ طالبان رات کے اندھیرے میں یہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، پاک فوج نے مذموم سازش کو ناکام بنایا، رات کے اندھیرے میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا، دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں استعمال ہونےوالے متعدد تربیتی کیمپس کو تباہ کیا۔
حنیف عباسی
وزیرریلوے حنیف عباسی نے ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو ہوئے کہا کہ افغانستان نےکبھی بھی پاکستان کو دل سے قبول نہیں کیا، افغانستان کو جب بھی موقع ملا پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، پاک فوج نے افغانستان کی19 چوکیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ اپنی چوکیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں، ہم اپنے ایک ایک شہید کے خون کے قطرے کا حساب لیں گے، افغانستان چند ٹکوں کی خاطر ہمارے دشمن بھارت سے جا ملا ہے۔
حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پالیسی نے بھارت کو بےنقاب کیا، دنیا کو معلوم ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سےزیادہ قربانیاں دیں۔