راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغان جارحیت کے خلاف وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے 12شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12شہدا کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وفاقی وزرا، گورنر خیبر پختونخوا، سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ان بہادر سپوتوں کے قرض دار ہیں، بہادر سپوتوں نے افغان طالبان کی جارحیت کے مقابلے میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بہادر سپوتوں نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جارحیت کے مقابلے میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مسلح افواج کسی بھی جارحیت یا سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔