پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملے ناکام بنا دیئے، 50 طالبان ہلاک

Published On 15 October,2025 04:54 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 50 افغان طالبان کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان طالبان کا سپن بولدک میں بہیمانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا اور پاکستانی افواج نے مؤثر جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

15 اکتوبر بروز بدھ کی صبح افغان طالبان نے بلوچستان کے سپن بولدک کے 4 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جنہیں پاکستانی فورسز نے مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے مقامی بٹی ہوئی بستیوں کے ذریعے منظم کیے گئے تھے، جن میں شہری آبادی کی جان و مال کی پرواہ نہیں کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان فورسز نے چمن میں سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر پاکستان نے مؤثر جواب دیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے اپنی جانب سے پاک-افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی جو کہ سرحدی تجارت اور قبائلی آمد و رفت میں سہولت کے لیے اہم ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی جوابی کارروائی میں 15 تا 20 افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، صورتحال تاحال کشیدہ ہے اور فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے سٹیجنگ پوائنٹس پر اضافی تعیناتیوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سپن بولدک پر حملہ کوئی الگ واقعہ نہیں تھا، 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب کو افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی سرحدوں پر حملے کی کوشش کی، جسے بھی مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں افغان مراکز کو بھاری نقصان پہنچا۔ آٹھ پوسٹس، جن میں چھ ٹینک بھی شامل تھے، تباہ کیے گئے اور اندازے کے مطابق 25 تا 30 افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے افغان طالبان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ حملہ پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا، اس تاثر کو  گھناؤنا اور واضح جھوٹ  قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ طالبان انتظامیہ کے اس پروپیگنڈے کو عام حقائق کی روشنی میں باآسانی بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔

بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاک افواج ملکی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے دفاع کے لیے پختہ عزم رکھتی ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔