ہم افغانیوں پر بھروسہ نہیں کرسکتے، شہریوں کا سیز فائر مذاکرات پر ردِعمل

Published On 19 October,2025 06:00 pm

دوحہ:(دنیا نیوز) قطر میں پاک افغان سیز فائر مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی عوام کا رد عمل سامنے آ گیا۔

افغانستان کی بلا اشتعال کارروائی پر عوام نے دو ٹوک موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہم افغانیوں پر بھروسہ نہیں کر سکتے، افغانیوں نے پہلے بلا اشتعال جارحیت کی جب پاک فوج نے کارروائی کرنے کی کوشش کی تو یہ مذاکرات کے پیچھے چھپ گئے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو پاکستانی فوج، عوام اور مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گے، پہلے بھارت کو جواب دیا گیا ہے، اب اگر بھارت افغانستان کے ذریعے کچھ کرنا چاہے گا تو اسے بھی اسی کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

اُن نے کہا کہ بھارت کو ہم نے چائے پلائی تھی، اب افغانیوں کو گڑ والا قہوہ پلائیں گے، ہم نے ہمیشہ افغانیوں کے ساتھ بھائیوں والا سلوک رکھا، مگر اگر جنگ مسلط کی گئی تو افواجِ پاکستان بھرپور جواب دیں گی۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان نے بڑی غلطی کی ہے ، اگر آئندہ اسی طرح کچھ کیا گیا تو انہیں سخت جواب ملے گا، پاکستانی عوام اور فوج ایک صفحے پر ہیں، جب افغانستان کو پاکستان کی قوت کا اندازہ ہو گیا تو مدد و مفاہمت کے لیے ہاتھ پھیلانے لگے۔