دیوالی کا تہوار امید، اتحاد اور مثبت سوچ کی علامت ہے: وزیراعظم

Published On 20 October,2025 08:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیوالی کا یہ تہوار امید، اتحاد اور مثبت سوچ کی علامت ہے۔

دیوالی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیوالی روشنی کی تاریکی پر اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتی ہے، ہمیں چاہیے کہ اس موقع پر مل کر مستقبل کو مثبت سوچ، اتحاد اور بھائی چارے کے نظریے سے دیکھیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ثقافتی اور مذہبی تنوع پر فخر کرتا ہے، یہی تنوع ہمارے قومی دھارے کو مضبوط بناتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان میں ہندو برادری کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا جہاں تمام شہریوں کو مذہب، نسل یا ذات سے بالاتر ہو کر مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت ان اقدار پر پوری طرح کار بند ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام برادریوں کو برابر کے مواقع میسر ہوں، دعا ہے کہ روشنیوں کا یہ تہوار امن، خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے اور پاکستان میں تمام مذاہب کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنائے۔