طورخم بارڈر جلد آمدورفت کیلئے کھلنے کا امکان، تیاریاں شروع

Published On 21 October,2025 01:22 am

پشاور: (دنیا نیوز) طورخم بارڈر جلد آمدورفت کیلئے کھولے جانے کا امکان پیدا ہوگیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے بعد طورخم بارڈر کھولنے کی تیاری شروع کردی، این ایل سی حکام کی جانب سے امپورٹ، ایکسپورٹ سکینر دوبارہ نصب کر دیئے گئے، صفائی اور بحالی کا کام جاری رہا، بارڈر پر تعینات کسٹم اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگادی گئیں۔

بارڈر حکام کا مؤقف ہے کہ کسٹم کا عملہ طورخم بارڈر پر موجود ہے، اعلیٰ حکام سے آرڈر موصول ہوتے ہی بارڈر کھول دیا جائے گا، دونوں ملکوں میں باضابطہ قافلوں کی آمدورفت شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر گزشتہ 9 روز سے بندہے، تجارت اور پیدل آمدورفت بدستور معطل رہی، چمن، طورخم، غلام خان اور انگور اڈا پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، مال بردار گاڑیوں میں سامان خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

کوئٹہ سے چمن کیلئے پسنجر ٹرین سروس 5 روز سے معطل ہے۔