خیبر: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں، راہداری تجارت بھی معطل ہونے سے ٹرکوں میں لدی اشیائے خورونوش خراب ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالرز سے زائد ہے، دونوں ممالک کے درمیان چار بڑی سرحدی گزرگاہوں طورخم، چمن، غلام خان اور خرلاچی کے ذریعے تجارت ہوتی ہے۔
پاکستان ہر سال افغانستان سے 76 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا درآمد کرتا ہے جبکہ افغانستان کو ایک ارب 54 کروڑ ڈالرز مالیت کی مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغانستان اپنی مجموعی تجارت کا تقریباً 50 فیصد راہداری تجارت کے ذریعے کرتا ہے تاہم موجودہ بندش کے باعث دونوں جانب کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔