راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام نے امن کی بحالی کے لیے پاک فوج کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترقی، امن اور بھر پور ملکی دفاع پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہریوں نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کی عسکری قوت کو اب تسلیم کرتی ہے، پاکستان کی عسکری قوت کی واضح مثال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہے، حالیہ سرحدی دراندازیوں پر پاک فوج نے افغانستان کو بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو دیگر فتنے ابھرے ان کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کی گئیں، یہ تاریخ کا سنہری دور ہے، آرمی چیف اور حکومت کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر سامنے آئی ہے، ایسی بہتر صورتحال پاکستان کی تاریخ میں پہلے نہیں دیکھی گئی۔
شہریوں نے مزید کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے خوارج کو پناہ دینے پر پاکستان نے جانی و مالی نقصانات اٹھائے ہیں، پاکستان نے مجبور ہو کر طالبان اور خوارج کے دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کیا، پاکستان نے اپنے ملک کی سکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں جانوں کے نقصانات اٹھائے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو اور عوام کو نقصانات سے بچایا جائے، اگر افغان حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد مانگتے ہیں تو یہ بہترین طریقہ ہوگا، افغانستان کو چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں موجود جو لوگ نقصان پہنچا رہے ہیں انہیں خود ختم کرے۔