کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے سے طویل مدتی نتائج سامنے آئینگے، پولیس میں میرٹ پر بھرتیوں کا میکنزم بنایا جائے گا، کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں ہوگی۔
سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی پولیس محمد طاہر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کیا گیا، ہمارے اس فیصلے سے پولیس پر مزید ذمہ داریاں عائد ہوں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھاگ میں ایس ایچ او شہید ہوئے جنہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا، انہیں وفاق سے اعلیٰ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کا شکر گزار ہوں جو لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گا، ان پیسوں سے ہم پولیس کو مزید سہولیات فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط پولیس بنانے جا رہے ہیں، شہدا کے بچوں کو 16 سالہ تعلیم فراہم کی جائے گی، منشیات کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا، پولیس کے اندر جو کرپشن ہے اس کے خاتمے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ لیویز میں گولڈن ہینڈ شیک کا آپشن بھی لا رہے ہیں، دہشت گردی کی اس لڑائی کے سامنے ہم سب کو کھڑا ہونا ہوگا، اگر ہم کھڑے نہیں ہوں گے تو یہ لڑائی ہمارے گھر تک آ جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میری حکومت ڈھائی سال ہو یا 5 سال میں آخری وقت تک کام کروں گا، ڈھائی سال کے فارمولے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے مجھ سے بات نہیں ہوئی۔



