اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی، الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری الیکشن کمیشن، پنجاب حکومت کے چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں مختلف انتظامی و قانونی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو ضروری رولز، ڈیٹا، نوٹیفکیشنز اور نقشہ جات فوری طور پر فراہم کرے تاکہ الیکشن کمیشن بروقت حلقہ بندی کے عمل کا آغاز کر سکے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت حلقہ بندی رولز کا ڈرافٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے، جس پر الیکشن کمیشن کی رائے جلد حاصل کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کی رائے صوبائی حکومت کو فوری طور پر فراہم کی جائے تاکہ عمل میں تاخیر نہ ہو۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے آگاہ کیا کہ لوکل گورنمنٹ کنڈکٹ آف الیکشن رولز کا ڈرافٹ 15 نومبر 2025 تک الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیا جائے گا، جبکہ ڈیمارکیشن نوٹیفکیشنز، ٹاؤن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور تحصیل کونسلز کے نوٹیفکیشنز 22 دسمبر 2025 تک فراہم کر دیے جائیں گے۔
اسی طرح یونین کونسلز کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشنز 31 دسمبر 2025 تک الیکشن کمیشن کو دیے جائیں گے، جبکہ تمام شہری و دیہی اداروں کے مصدقہ نقشہ جات 10 جنوری 2026 تک الیکشن کمیشن کو فراہم کیے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ ان دستاویزات کی فراہمی کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا باضابطہ آغاز کر سکے گا، الیکشن کمیشن نے زور دیا کہ تمام امور مقررہ شیڈول کے مطابق ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کا عمل بروقت ممکن ہو سکے۔



