راولپنڈی ڈویژن میں غیر قانونی مقیم افغانیوں کیخلاف کارروائی، 14342 کو واپس بھجوا دیا گیا

Published On 01 November,2025 04:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈویژن کے تمام اضلاع میں غیر قانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری پولیس کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان آر پی او کے مطابق افغان شہریوں کو دوکان اور گھر کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف مجموعی طور پر 79 مقدمات درج، غیر قانونی مقیم 14342 افغان شہری واپس بھجوائے جا چکے ہیں۔

آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ 1523 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جا چکا ہے، شہری غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر ہرگز نہ دیں۔

بابر سرفراز الپا نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔

ترجمان آر پی او نے کہا کہ عوامی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا، مساجد اور مقامی سطح پر اعلانات کا سلسلہ جاری ہے، قانونی طور پر مقیم غیر ملکی مقامی تھانہ میں رجسٹریشن کرائیں۔