اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لئے روانہ ہوگئے۔
آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف باکو کے لئے روانہ ہوئے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف سے ملاقات کریں گے، بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت متنوع شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے نئی راہوں کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات دیرینہ بنیادوں پر استوار ہیں جو مشترکہ عقیدہ، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد سے جڑے ہیں، دونوں ممالک علاقائی و عالمی فورمز بالخصوص تنظیم تعاونِ اسلامی (OIC)، اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) اور اقوامِ متحدہ (UN) میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا دورہ، آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی ثابت قدم حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ ہے۔



