پشاور: (دنیا نیوز) آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اس وقت حالت جنگ میں ہے، دہشت گردانہ کارروائی کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے صوبے میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کر دیں جن میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں تمام حساس مقامات، پولیس تنصیبات، عدالتوں، تعلیمی اداروں، جیلوں، پولیس سٹیشنوں اور دیگر اہم تنصیبات کا سکیورٹی آڈٹ کیا جائے۔
ہدایت نامے کے متن کے مطابق مستحکم سکیورٹی میکنزم کے ذریعے تمام تنصیبات اور عمارتوں سے کچھ فاصلے پر دگنی سکیورٹی کا نظام قائم کریں، تاکہ کسی بھی رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعے کی صورت میں سکیورٹی پر مامور عملہ شرپسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا سکیں۔
صوبے کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹ کی تعداد بڑھائی جائے، روزانہ کی بنیاد پر پولیس گشت فعال کی جائیں، انٹیلی جنس شیئرنگ کیلئے ریجنل اور ضلعی سطح پر ایکشن پلان مرتب کیا جائے، صوبے کے تمام انٹیلی جنس اداروں اور سی ٹی ڈی کے ساتھ فوری معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جائے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا مزید کہنا ہے کہ ریجنل اور ضلعی پولیس افسر پولیس ٹریننگ کالج ہنگو، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ، پولیس تربیتی و سپیشلائزڈ سکولوں کی سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔



