اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد جموں و کشمیرکا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
شہباز شریف نے انہیں وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور تعاون کریں گے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ فیصل ممتاز راٹھور کا وزیراعظم منتخب ہونا پیپلز پارٹی اور جیالوں کی بڑی کامیابی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں کشمیری عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کراچی میں مقیم کشمیریوں کے حوالے سے بات کی، مراد علی شاہ نے کراچی میں مقیم کشمیری بھائیوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔



