وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم سکھ تنظیم کے صدر کی ملاقات

Published On 18 November,2025 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا میں مقیم سکھ برادری کی تنظیم کے صدر جسدیپ سنگھ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت ساجد تارڑ بھی موجود تھے، وزیراعظم نے پاکستان آمد پر جسدیپ سنگھ کو خوش آمدید کہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے بہت سی مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں جہاں پر دنیا بھر سے سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں اور پاکستان ان کی مہمان نوازی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان آنے والے سکھ برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، یہ ہمارے لئے فخر کا باعث ہے کہ پاکستان سکھ برادری کے مقدس مقامات اور گردواروں کی دیکھ بھال اور یہاں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقیم سکھ برادری کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

سمندر پار پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی اور اس کا نام روشن کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جسدیپ سنگھ نے پاکستان میں ان کی میزبانی اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔