گلگت:(دنیا نیوز) گلگت بلتستان (جی بی) کی موجودہ حکومت کی پانچ سالہ مدت 24 نومبر کو مکمل ہو جائے گی۔
جی بی اسمبلی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ جی بی حاجی گلبر خان 24 نومبر کی رات 12 بجے اپنے عہدے سے سبکدوش ہوں گے، اُن کی کابینہ خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ جی بی میں 2020 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی تھی،سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں 4 جولائی 2023 کو نااہل قرار دیا گیا، یکم دسمبر 2020 کو منتخب ہونے والے خالد خورشید 2 سال 7 ماہ 4 دن اقتدار میں رہے۔
اِسی طرح خالد خورشید کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر خان 13 جولائی 2023 کو جی بی کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جب کہ جی بی اسمبلی کی پانچ سالہ مدت کے خاتمے کے قریب نگران حکومت کے قیام کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے۔
جی بی اسمبلی ذرائع کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کے لیے اعلانیہ اور در پردہ کئی امیدوار سرگرم ہیں، راجہ نظیم الامین، بریگیڈیئر (ر) بشارت، شیر بہادر انجم، محمد علی قائد اور وقار منڈوق کے نام ممکنہ نگران وزیراعلیٰ کی فہرست میں شامل ہیں۔
دوسری جانب جوہر علی راکی، میر مصطفیٰ مدنی، محمد حسن حسرت اور غلام عباس سمیت متعدد امیدوار نگران وزیراعلیٰ کی دوڑ کا حصہ بن چکے ہیں، وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی متعدد ملاقاتوں کے باوجود نگران وزیراعلیٰ کے نام پر تاحال اتفاق نہ ہو سکا۔
نگران وزیراعلیٰ کے لیے راجہ نظیم الامین اور بریگیڈیئر (ر) بشارت حکومت اور اپوزیشن دونوں کی فہرست میں موجود ہیں، اگر وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ کر سکیں تو نامزدگی کا فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔



