بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر دہشت گردوں کا حملہ، 7 افراد جاں بحق

Published On 21 November,2025 11:26 am

بنوں: (دنیا نیوز) بنوں کے علاقے ہوید میں دہشت گردوں کی جانب سے امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے امن کمیٹی کے دفتر پر رات گئے حملہ کیا، حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، مقتولین میں دانش، کامران، ولی اللہ، سفیان، محمد نیاز، نعمان اور سفیان شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے امن کمیٹی کے دفتر پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے بلند حوصلے کو غیر متزلزل نہیں کر سکتی ہیں۔