گلگت بلتستان:(دنیا نیوز) گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت کی پانچ سالہ آئینی مدت آج اختتام پذیر ہو گئی۔
گلگت بلتستان میں تمام وزراء، مشیران اور کوآرڈینیٹرز ڈی نوٹیفائی کردیا گیا، نگران حکومت سے متعلق دفعات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن 24 نومبر 2025 کی رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا، فیصلہ گلگت بلتستان اسمبلی سیکرٹریٹ اور شق 56(5) کے تحت لیا گیا،سیکرٹری قانون و استغاثہ سجاد حیدر کے دستخط کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری ہوا جو تمام سرکاری دفاتر اور انتظامی حکام کو ارسال کر دیا گیا۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کے لیے سمری بھجوائی جا چکی، اعلان کل متوقع ہے، نگران وزیر اعلیٰ کے بعد نئی نگران کابینہ کے نام بھی وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کیے جائیں گے، حکومتی مدت ختم ہونے پر کابینہ تحلیل اور وزیر اعلیٰ گلبر خان سبکدوش ہوں گے۔
علاوہ ازیں اپوزیشن کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق نگران سیٹ اپ خطے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہوگا،عوامی مسائل کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، نگران سیٹ اپ مکمل غیر جانبدار ہونا چاہیے۔
خیال رہے قبل اثنا الیکشن کمیشن کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ انتخابات آئینی شیڈول کے مطابق کرائے جائیں گے۔



