لکی مروت: پولیس کی گاڑی پر خودکش حملہ، ایک اہلکار شہید، مقابلے میں دہشتگرد ہلاک

Published On 01 December,2025 02:59 pm

لکی مروت: (دنیا نیوز) لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر خودکش حملہ کر دیا گیا، ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے، سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پولیس کے مطابق پولیس کی گاڑی پر حملے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا بھاگ گیا، دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، واقعہ تھانہ تجوڑی کی حدود میں کٹو خیل اڈہ کے قریب پیش آیا۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں حملہ آور ایک سڑک کے کنارے کھڑے تھے، پولیس کی گاڑی نزدیک آنے پر ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرا حملہ آور فرار ہو گیا۔

پولیس کی گاڑی پر خودکش حملے کے بعد پولیس پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر فوری کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، سرائے نورنگ کے علاقے میں ایک شدت پسند سے سامنا ہوا جسے فائرنگ کے تبادلے میں جہنم واصل کر دیا گیا۔

دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے: وزیراعظم

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکار کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم کی زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کے دشمن دہشتگردوں کے مکمل سدباب کے لیے حکومت پر عزم ہے۔

بزدلانہ حملے حوصلے پست نہیں کر سکتے: وزیراعلیٰ کے پی

 وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اہلکار نے جان کی قربانی دے کر شہادت حاصل کی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبائی حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،  اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔