اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی پھیلانا ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی آبادی کے باعث صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ آبادی کے دباؤ نے ملکی وسائل پر بھی واضح بوجھ ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آگاہی کے فقدان کے باعث آبادی کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے جس سے ترقی کی رفتار بھی متاثر ہو رہی ہے، بڑھتی آبادی نہ صرف معیشت بلکہ بنیادی سہولیات کے نظام پر بھی بھاری بوجھ بن رہی ہے جبکہ معاشرے کے ہر طبقے کو اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ ملک میں ترقی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے متوازن آبادی ضروری ہے اور آبادی کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



