جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹس نامزد

Published On 02 December,2025 02:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹس کی منظوری دیدی۔

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان اور کمیشن کے چیئرمین جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اعلیٰ عدلیہ میں مختلف اہم تقرریوں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سب سے پہلے سندھ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری سے متعلق مشاورت کی گئی، 3 سینئر ججز کے ناموں کا جائزہ لیا گیا، تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیشن نے جسٹس ظفر راجپوت کو سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق اس کے بعد اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، اس کے لیے بھی 3 سینئر ججز جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی کے ناموں پر غور کیا گیا اور کمیشن نے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دے دی۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب سپریم کورٹ کے مستقل جج مقرر

جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تعیناتی کے لیے بھی مشاورت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام کی منظوری دے دی گئی۔

آئین کے مطابق اعلیٰ عدلیہ میں تقرریاں جوڈیشل کمیشن کی سفارش اور پارلیمانی کمیٹی کی توثیق سے مشروط ہوتی ہیں، سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے نئے مستقل جج کی نامزدگیوں سے متعلق سفارشات صدرِ مملکت کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔