احمد پور شرقیہ اور پیر محل میں نئے جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح

Published On 02 December,2025 03:37 pm

لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے انتظامی سطح پر تاریخی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکلا اور سائلین کے لیے احمد پور شرقیہ اور پیر محل میں نئے جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وکلاء اور سائلین کو جوڈیشل کمپلیکس ملنا ایک بہت بڑا تحفہ ہے، ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے، نظامِ عدل کے بنیادی اسٹیک ہولڈر سائلین ہیں،سائلین ہی تمام انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کا محور ہیں، ہم پر لازم ہے کہ ہم سائلین کی مشکلات کو سمجھیں اور ازالہ کریں۔

لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وکالت ایک مقدس شعبہ ہے،وکلاء اس شعبہ کی عزت و تکریم میں مزید اضافہ کریں، وکلاء دیانتداری اور راست بازی کی مثال قائم کریں، بنچ اور بار کے درمیان ایک مضبوط تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کے تمام مسائل کا حل لاہور ہائیکورٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بہترین انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ پیر محل جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل سیشن جج اور سول ججز کی عدالتیں، بخشی خانہ، بار ہال و لائبریری، لیڈیز لائرز بار روم، سائلین و کلاء کے لئے ٹائلٹ بلاکس، بیٹھنے کے لئے شیڈ اور مسجد سمیت دیگر سہویات شامل ہیں۔

احمد پور شرقیہ جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل سیشن جج اور سول ججز کی عدالتیں، لائبریری ہال، ریکارڈ ہال، سہولت سنٹر اور سکیورٹی روم اور جوڈیشل کمپلیکسز میں جوڈیشل افسران کے لئے رہائشگاہیں بھی بنائی گئی ہیں۔