پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کے لئے زبردست کاروباری مواقع ہیں: رضوان سعید

Published On 07 December,2025 11:38 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کیلئے زبردست کاروباری مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار رضوان سعید شیخ نے ییل سکول آف مینجمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات جیسے شعبوں میں زبردست منافع بخش مواقع فراہم کرتا ہے، سرمایہ کاروں اور 250 ملین کی ایک متحرک مارکیٹ کا فائدہ اٹھانے والے خواہشمند کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کیلئے ایک سازگار اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے پوری طرح سے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تذویراتی طور پر پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر واقع ہے اور ہمارا ملک ایک اہم تجارتی راہداری فراہم کرتا ہے جو امریکی کاروباری اداروں کو توانائی سے مالا مال وسطی ایشیائی منڈیوں اورسرمایے کی حامل خلیجی ریاستوں سے رابطے کی پیشکش کرتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے حالیہ دور میں پاک امریکا تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کیلئے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے سیاحت، زراعت، توانائی، مینوفیکچرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قابل قدر مواقع موجود ہیں، اس تناظر میں انہوں نے لاگت اور کوالٹی کے ضمن پاکستان کے تقابلی فوائد کو اجاگر کیا۔

سفیر پاکستان نے ملک کے ٹیک سیوی (ٹیکنالوجی کے ماہر) نوجوانوں کو ، جو ملکی آبادی کا سب سے بڑاحصہ ہیں، کو ایک اہم قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کی باصلاحیت افرادی قوت امریکی مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات خاص طور پر کاروبار اور ٹیک انٹرپرینیورز کی ڈیمانڈ کو پورا کر سکتی ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے مختلف پالیسی اقدامات خصوصاً ایس آئی ایف سی کے کردار کا خصوصی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی کامیابی ملک کی وسیع اقتصادی صلاحیت کی گواہی دیتی ہے۔

سفیر پاکستان نے یونائیٹڈ سٹیٹس پاکستان بزنس الائنس کی طرف سے ییل وفد کے دورے کے انتظام کا خیرمقدم کیا اور دورے کے دوران سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت کاری کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ییل سکول آف مینجمنٹ کے وفد نے بریفنگ پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔