لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز کا کہنا تھا کہ ہماری افواج دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، معرکہ حق میں تینوں فورسز نے مثالی رابطے کا مظاہرہ کیا،آج عالمی سطح پر کوئی بیٹھک پاکستان کی نمائندگی کی بغیر نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ فوج میں تنظیم سازی کا مقصد تینوں فورسز میں رابطے کو بہتر بنانا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کی سربراہی میں عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں ملیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سمیت دیگر عالمی رہنما پاکستان کی صلاحیتوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، مختلف وفود پاکستان کے دورے کر رہے ہیں، چائنہ نے ہر فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا، دوست ملک قطر نے بھی ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ چند سال پہلے دیوالیہ پن کی آوازیں گونج رہی تھیں، وزیرعظم شہبازشریف کی زیر قیادت میں ڈیفالٹ کو کنارے لگا دیا ہے، دیوالیہ پن کی باتیں گزر چکی ہیں، ہم نے مل کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے، حکومت کی کوششوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی معاشی ٹیم کا ادنیٰ سا حصہ میں بھی ہوں، اپنا بھرپور کردار نبھا رہا ہوں، ہم نے اپنے ملکی خساروں پر قابو پایا ہے، قائد نوازشریف کا شکر گزار ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کے ذریعے میری پٹرولیم کے شعبے میں ذمہ داری لگائی۔
انہوں نے بتایا کہ گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ بڑھ رہا تھا، ہمارے پاس جو وافر ایندھن موجود تھا اس کو بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کر کے بوجھ ہلکا کریں گے، مقامی تیل کمپنیاں اپنا تیل بناتی ہیں، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اپنی پوری کیپسٹی پر چلیں گی روزگار پیدا کریں گی، پیسہ کمائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کی ایک دیرپا ڈیمانڈ تھی کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کنکشن کھولیں، کندھوں پر سلنڈر رکھ کر گیس بھرانی پڑتی تھی، اب گیس پریشر کے مسائل کم سے کم آئیں گے، ڈھائی سے تین لاکھ مقامی صارفین کو نئے گیس کنکشن دیئے جا رہے ہیں، جتنا ممکن ہوا ہم عوام کو سردی میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے میں گردشی قرضے پر قابو پایا جارہا ہے، بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کی طرف دوبارہ رخ کر رہی ہیں، ترکش پٹرولیم اسلام آباد میں اپنا دفتر کھولنے جا رہی ہے جس سے پاکستان کے لوگوں کو روزگار ملے گا۔
علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا تیل اور گیس کے شعبے میں دوسرے ممالک پر انحصار تھا جس کو کم کرنے جا رہے ہیں، بین الاقوامی کمپنی پی ایس او اور ایف ڈبلیو سے مل کر ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔



