اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دیا ہے جبکہ حکومتی وفد سپیکر کی درخواست پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات ہوں گے، غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب سپیکر آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ رابطہ نہیں کیا،سردار ایاز صادق نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے، اپوزیشن رضا مند ہوئی تو فوری طور پر سپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
اس حوالے سے پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر کی پیشکش کے باوجود ابھی تک اپوزیشن نے ان سے رابطہ نہیں کیا ہے، سپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے سپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے کی تھی۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات پر کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، ہمارے اتحادی واضح طور پر مذاکرات کے حق میں ہیں، ملک کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، پی ٹی آئی سپیکر کے چیمبر میں آئے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کا معاملہ سپیکر نے حل کرنا ہے، کوئی معاملہ ایسا نہیں جو مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہو، مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کو سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف خود کنفیوژن کا شکار ہے، پی ٹی آئی کے دو دھڑے الگ الگ باتیں کر رہے ہیں۔



