لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائی کورٹ نے آوارہ کتوں کو فائرنگ اور زہر کے استعمال سے مارنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
عدالت نے پنجاب حکومت، سیکرٹری لائیوسٹاک اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے، جسٹس خالد اسحاق نے عزت فاطمہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ آوارہ کتوں کے نام پر آپریشن سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں، خانیوال میں ڈاگ کلنگ آپریشن کے دوران گولی لگنے سے کمسن بچی کے زخمی ہونے کا واقعہ ہوا۔
درخواست میں کہا گیا کہ رہائشی علاقوں میں فائرنگ اور زہریلی اشیا کا استعمال خطرےسے خالی نہیں، پنجاب حکومت اینیمل برتھ کنٹرول پالیسی 2021 پر عملدرآمد نہیں کر رہی، لاہور ہائی کورٹ فائرنگ اور زہر کے استعمال سے کتوں کو مارنے سے روکے۔
استدعا کی گئی کہ عدالت عالیہ آوارہ کتوں کے لیے ویکسینیشن اور نیوٹرنگ پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دے۔



