علاقائی
خلاصہ
- گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے عمرہ کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزمان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق بدنام زمانہ ٹریولنگ ایجنسی "حاجی ٹریولز" کے مالکان محمد جاوید بٹ اور محمد شاہد بٹ کو گجرات کے علاقے علاؤہ ڈنگہ سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں ملزمان فراڈ کے مقدمات درج ہونے کے بعد روپوش تھے اور ان کے نام ایف آئی اے کی پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں بھی شامل کیے جا چکے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 76 شہریوں سے عمرہ کی ادائیگی کے نام پر فی کس 2 سے 3 لاکھ روپے وصول کیے، ملزمان شہریوں کو جعلی رسیدیں اور جعلی ٹکٹس فراہم کرتے رہے اور مجموعی طور پر کروڑوں روپے بٹور کر فرار ہو گئے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ متاثرہ شہریوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔