پشاور میں عیدالفطر کے موقع پر دفعہ 144 نافذ

پشاور میں عیدالفطر کے موقع پر دفعہ 144 نافذ

اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق ایک ماہ کے لیے ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ آتش بازی اور پٹاخوں کی خرید و فروخت اور نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ کشتیوں میں اوورلوڈنگ اور تفریحی پارکس میں غیر محفوظ رائیڈز کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈیموں اور دریاؤں میں لائف جیکٹ کے بغیر نہانے یا تیراکی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ڈبل یا ہیوی سائلنسر والی ہیوی بائیکس اور سپورٹس گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔