خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ ایران امریکہ امن مذاکرات کے تناظر میں سکیورٹی اقدامات بھی مزید سخت کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول، شہزاد ٹاؤن، ہمک اور کراچی کمپنی کے اطراف جبکہ راولپنڈی کے پیرودھائی، نور خان ایئربیس، حاجی کیمپ، ٹیکسلا، مری، جہلم، چکوال اور اٹک کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس اداروں پر مشتمل مشترکہ فریم ورک فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اہم ٹرانزٹ پوائنٹس، رہائشی آبادیوں اور حساس مقامات پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ سکریننگ، رہائشی کوائف کی تصدیق اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں بس اڈوں، مارکیٹس اور رہائشی علاقوں میں بھی سرچ اور سکریننگ جاری ہے۔
ترنول، شہزاد ٹاؤن اور ہمک میں خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں جو گھر گھر تصدیق اور رہائشی معلومات کی جانچ کر رہی ہیں، جبکہ فیض آباد اور کراچی کمپنی کے اطراف ٹرانزٹ سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی میں پیرودھائی، نور خان ایئربیس اور حاجی کیمپ کے گرد و نواح میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ حساس تنصیبات کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔
ٹیکسلا، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں مرحلہ وار کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جہاں پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس ادارے مربوط انداز میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈویژن بھر میں سرچ، سکریننگ اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے ریاستی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔