خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں میونسپلٹی اور متعلقہ اداروں نے شہر کا مکمل ورچوئل ہم شکل نظام نافذ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ورچوئل نظام کے تحت شہری خدمات، اجازت نامے اور مختلف سرکاری معاملات جدید خودکار نظام کے ذریعے تیزی سے مکمل کیے جا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام میں شہریوں کو متعدد معاملات کے لیے دفاتر کے چکر لگانے یا ویڈیو ملاقاتوں کی ضرورت بھی نہیں رہے گی کیونکہ خودکار ڈیجیٹل نمائندے سرکاری نظام کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کر کے مطلوبہ کارروائی مختصر وقت میں مکمل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا ایک بڑا فائدہ شہری منصوبہ بندی اور جائیداد کے شعبے کو بھی ہو گا جہاں خریدار اور سرمایہ کار مستقبل میں تیار ہونے والے منصوبوں اور عمارتوں کا منظر پہلے ہی ورچوئل طور پر دیکھ سکیں گے۔
علاوہ ازیں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے دبئی کی سمارٹ سٹی حکمت عملی مزید مضبوط ہوگی اور مستقبل میں شہری خدمات، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں رفتار اور سہولت مزید بہتر ہونے کی توقع ہے جس سے عالمی سطح پر شہر کی مسابقتی حیثیت مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔