خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 6 سے 8 فروری تک خصوصی ایمرجنسی پلان مرتب کر لیا۔
ریسکیو 1122 لاہور کے مطابق شہر بھر میں 1200 سے زائد ریسکیور، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکل اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس مختلف اہم مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق لاہور میں قائم 23 ریسکیو سٹیشنز کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں 180 خصوصی کی پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس ہمہ وقت موجود رہیں گی، تنگ گلیوں اور ٹریفک کے رش میں بروقت رسائی کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خصوصی کی پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار کے علاقوں میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں جبکہ کسی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ ریسکیو ٹیمیں بھی دستیاب ہوں گی۔
ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ بسنت فیسٹیول کے دوران ریسکیو و میڈیکل کور کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ روٹین ریسکیو آپریشنز بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے، اس دوران صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور تمام ریسکیو سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔