چیف آف دی نیول سٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز

Published On 09 July,2021 06:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پچیسویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 11 جولائی تک کراچی گالف کلب میں کھیلی جا رہی ہے۔

ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 8.5 ملین روپے ہے۔ اس کے علاوہ ہول ان ون کے فاتح کے لئے ”ٹویوٹا فارچیونر” اور دیگر کیٹیگریز کے فاتحین کیلئے بہت سارے انعامات رکھے گئے ہیں۔

چیمپئن کے آغاز کا اعلان پیٹرن پاک نیوی گالف (ساؤتھ) کموڈور محمد وقار نے گزشتہ روز کراچی گالف کلب میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ جنرل مینیجر مارکیٹنگ اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ عنبر تانیہ انصاری، اسپانسرز، معزز سول وفوجی شخصیات اورسینئر کھلاڑبھی تقریب میں موجود تھے۔

کموڈور محمد وقار نے مذید بتایا کہ چیمپیئن شپ پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز ، جونیئر پروفیشنل ، امیچرز ، سینئرز ، ویٹرنز ، لیڈیز اور جونیئرز کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی۔پروفیشنلز اور امیچرز کے 72 ہولز میچز ، جونیئرز کے لئے 18 ہولز میچز ، خواتین اور سینئرز کے 36 ہولز میچز اور ویٹرنز کے لئے 9 ہولز کے میچز رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کے گالف ایونٹ کو شامل کرنے کے لئے 1995ء میں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپین شپ کا پہلا ایڈیشن کھیلا گیا تھا۔جس کے بعد یہ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم ایونٹ بن چکا ہے۔ چیمپین شپ کا باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کی قومی سطح پر اس کھیل کے فروغ کے لئے وابستگی کا مظہر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ ہمیشہ قومی، بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے فروغ کے لئے سرگرم عمل رہی ہے۔

گالف کے علاوہ پاک بحریہ باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرتی رہی ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپیئن شپ، چیف آف دی نیول سٹاف اوپن ہاکی چیمپیئن شپ، چیف آف دی نیول اسٹاف شوٹنگ چیمپیئن شپ اور نیشنل سیلنگ چیمپیئن شپ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ نے چند سال قبل انٹرنیشنل ملٹری اسپورٹس کونسل سیلنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا تھا جس میں 12 مختلف ممالک کی فوجی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ 2018 میں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپیئن شپ بھی اسی مقام پر منعقد کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے کھیلوں کے انعقاد سے نہ صرف معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیاں متعارف کروانے میں مدد ملتی ہے بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا تصور ایک کھیل دوست ملک کی حیثیت سے اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

کموڈور محمد وقار نے بتایا کہ ایشین گولڈ میڈلسٹ منیر صادق ، مامون صادق ، ذکا اللہ ، نادیہ رئیس اور کرکٹ کی دنیا کے مشہور بلے باز فخر زمان اور اولمپک کوالیفائنگ شوٹر جی ایم بشیر پاک بحریہ کے پلیٹ فارم سے بین الاقوامی سطح پر نام کمانے والے افراد میں شامل ہیں۔
 

Advertisement