ٹوکیو اولمپکس ، بیلجئم نے ہاکی سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دیدی

Published On 03 August,2021 03:38 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) بیلجئم نے ٹوکیو اولمپکس ہاکی کے سیمی فائنل میں بھارت کو 2 کے مقابلے 5 گولز سے شکست دے دی۔

بھارت کو ٹوکیو اولمپکس 2020 میں بڑا جھٹکا، بیلجئم نے سنسنی خیز میچ میں بھارت کو ہرا کر فائنل جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ پہلے ہاف میں بھارت کو بیلجئم پر ایک کے مقابلے 2 گولز کی برتری حاصل تھی، مندیپ اور ہارڈک نے جان لڑاتے ہوئے اپنی ٹیم کو یہ مارجن دلایا تھا، دیگر بھارتی کھلاڑی اس برتری پر کافی پرجوش دکھائی دے رہے تھے۔

میچ کا دوسرا ہاف شروع ہوا تو صورتحال پلٹتی دکھائی دی، بیلجئن کھلاڑیوں نے دیکھتے ہی دیکھتے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی اور پنلٹی شاٹ کی مدد سے سکور برابر کر دیا۔ تیسرے ہاف میں مخالف ٹیمیں بھرپور کوشش کے باوجود کوئی گول نہ کر سکیں۔

چوتھا ہاف بھارتی ٹیم کیلئے انتہائی بدقسمت ثابت ہوا جب بیلجئن کھلاڑی ہندرکس نے ہیٹرک کرتے ہوئے بھارت کیخلاف اپنی ٹیم کا سکور 5 گولز تک پہنچا دیا، یہ فرق کھیل کے اختتام تک برقرار رہا اور یوں بھارت اولمپکس 2020 میں گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

بھارت اب ہاکی اولمپکس میں تیسری پوزیشن کی جنگ لڑے گا،  یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی ہاکی ٹیم چار دہائیوں کی طویل جدوجہد کے بعد اولمپکس کھیلنے کے قابل ہوئی تھی۔

 

Advertisement