واپڈا کا ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو 25،25لاکھ روپے کا انعام

Published On 16 August,2021 08:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) واپڈاسپورٹس بورڈ کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر واپڈا اتھلیٹس ارشد ندیم اور طلحہ طالب کے اعزاز میں آج تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

واپڈا ہاؤس میں منعقد ہونے والی تقریب میں چیئرمین واپڈا / واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے کھلاڑیوں میں 25،25 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔

ممبر (فنانس)، ممبر(پاور)، ممبر(واٹر)، ایم ڈی (ایڈمن) اور صدر واپڈا سپورٹس بورڈ، سیکریٹری واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سینئر عہدیدار بھی تقریب میں موجود تھے۔

علاوہ ازیں، ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کو پانچ لاکھ روپے اور تیزی سے اُبھرتے ہوئے ٹینس کھلاڑی ابو بکر کو 50ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے جیت پر واپڈا کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کھلاڑی مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔

کھیلوں کے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ زندگی میں تگ و دو کا سب سے اچھا سبق کھیلوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کھیل ایک ایسا عمل ہے جس کی بدولت دہشت گردی کے خاتمے، معیشت کی بہتری اور قومی یکجہتی جیسے اہم چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔

چیئرمین نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہا ہے، تاکہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن ہو۔ اگر چہ پاکستان میں کھیل کا شعبہ تنزلی کا شکار ہے تاہم واپڈا گزشتہ 60 سالوں سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیاں پاکستان کے نام کر رہے ہیں۔ اس وقت واپڈا کی ٹیموں کو 35کھیلوں،(مینز۔ 19، ویمنز۔16) میں فاتح اور 19 کھیلوں (مینز۔ 12، ویمنز۔7)میں رنرز اپ کا اعزاز حاصل ہے۔ واپڈا کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور 22 سو سے زائد کھلاڑی اور سپورٹس عملہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے ملک بھر میں موجود مختلف یونٹس میں برسر روز گار ہیں۔ واپڈا کی 66 ٹیمیں ہیں جن میں 37مرد اور 29خواتین ٹیمیں شامل ہیں۔

Advertisement