لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کی سرفہرست اور دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے والے کم عمر ترین نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور اعزاز حاصل کرتے ہوئے دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی مناسلو بھی سر کر لی ہے۔
دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرنے والے 19 سالہ شہروز کاشف کی کوہ پیمائی میں شاندار پرفارمنسز کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے نوجوان نے دنیا کی آٹھویں بلندترین چوٹی مناسلو کو بھی سر کر نے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
اس طرح شہروز کاشف پانچ ماہ میں تین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔
یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد نوجوان کوہ پیما نے اپنی کامیابی پر بڑی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مناسلو نیپال میں موجود دنیا کی آٹھویں بڑی چوٹی ہے۔
یاد رہے کہ شہروز کاشف نے رواں سال جولائی میں 19 سال کی عمر میں دنیا کی دوسری بلند اور مشکل ترین چوٹی کے ٹو جس کی اونچائی 8611 میٹر ہے پر پہنچ کر اس چوٹی کو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔
اس سے 2ماہ قبل انہوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔