ڈوپنگ رولز کی خلاف ورزی، مزید چار ویٹ لفٹر معطل

Published On 29 April,2022 05:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے مزید چار ویٹ لفٹر کو ڈوپنگ رولز کی خلاف ورزی کیے جانے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق طلحہ طالب اور ابوبکر کے بعد 4 مزید پاکستانی ویٹ لفٹرز کو معطل کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر 6 ویٹ لفٹرز کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی رپورٹ ہونے کے بعد ویٹ لفٹرز کے ساتھ فیڈریشن پر بھی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا۔

کامن ویلتھ گیمز کے لیے منتخب 3 ویٹ لفٹرز کو بھی معطلی کا سامنا ہے۔ یکم مئی کو انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرسکتاہے۔

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی ویب سائٹ کےمطابق محمد شرجیل بٹ، غلام مصطفیٰ، عبدالرحمان اور فرحان امجد کو تمام سرگرمیوں میں حصہ لینےسے روک دیاگیاہے ان چاروں کو ڈوپ ٹیسٹ نہ دینے، چھپنے کا الزام ہے۔ چھ پاکستانی ویٹ لفٹرز عارضی طورپر معطل ہیں، الزامات ثابت ہونے پر پاکستانی ویٹ لفٹر کو چار سال کی پابندی کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی ہوسکتاہے۔
 

Advertisement