لاہور : (ویب ڈیسک ) ٹینس کے 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والی بھارتی سٹار ثانیہ مرزا کا کیرئیر اپنے اختتام کو پہنچا ، 36سالہ کھلاڑی نے گزشتہ روز اپنا آخری ٹورنامنٹ کھیل کر ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ۔
ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھارت کی پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے 6گرینڈ سلام جیتنے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے ۔
36 سالہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے 2002 کے ایشین گیمز میں 15 سال کی عمر میں اپنا پہلا سینئر ٹائٹل حاصل کیا، سال 2005 میں باقاعدہ کیریئر کا آغاز کیا ، آبائی شہر حیدرآباد ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تو وہ بھارت میں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں ، اس کے بعد وہ 2007 تک عالمی رینکنگ میں شامل رہیں جہاں ان کا نمبر 27 واں رہا۔
ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہوئی تھیں ، ثانیہ نے 2015 میں ویمن ڈبلز رینکنگ میں عالمی نمبرایک ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
مجموعی طور پر ثانیہ مرزا نے 43 ڈبلیو ٹی اے اور 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں ، 2009سے 2016 کے درمیان انہوں نے تین ویمن ٹائٹلزاور تین مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتے ۔
2009آسٹریلین اوپن ۔ مکسڈ ڈبلز
2009 کے آسٹریلین اوپن میں ثانیہ مرزا نے مہیش بھوپتی کے ساتھ مل کر پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل مکسڈ ڈبلز جیتا ۔ ثانیہ کی عمر اس وقت 26 برس تھی ، بھارتی ٹینس جوڑی نے فائنل میں اسرائیل کے اینڈی رام اور فرانس کی ناتھالی ڈیچی کو 6-3، 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
2012 فرنچ اوپن مکسڈ ڈبلز
ثانیہ مرزا نے دوسرا بڑا ٹائٹل بھی ہم وطن مہیش بھوپتی کے ساتھ فرنچ اوپن میں مکسڈ ڈبلز میں حاصل کیا ۔
2014 یوایس اوپن مکسڈ ڈبلز
ثانیہ مرزا نے تیسرا گرینڈ سلام مکسڈ ڈبلز ٹائٹل 2014 یو ایس اوپن میں برازیل کے برونو سواریز کے ساتھ جیتا ۔
2015 ومبلڈن ۔ ویمنز ڈبلز
ثانیہ مرزا اور سوئس کھلاڑی مارٹینا ہنگس کی جوڑی کو اکثر سینٹینا بھی کہا جاتا ہے ، سال 2015 ومبلڈن میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں دونوں خواتین ٹاپ پر تھیں ، دونوں نے فائنل تک پہنچنے کے لیے ٹورنامنٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں چھوڑا ۔
ثانیہ نے خواتین کے ڈبلز میجر جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔
2015 یوایس اوپن ویمنز ڈبل
سینیٹا کی شاندار فارم اگلے گرینڈ سلیم میں 2015 میں بھی جاری رہی جہاں دونوں نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ اس بار فائنل میں ٹاپ سیڈ ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلاکوا اور قازقستان کی یاروسلاوا شیڈووا کو 6-3، 6-3 سے شکست دے کر یوایس اوپن کا تاج پہنا ۔
2016 آسٹریلین اوپن ویمنز ڈبلز
ثانیہ مرزا نے اپنا آخری گرینڈ سلیم 2016 آسٹریلین اوپن میں جیتا ، مارٹینا ہنگس کے ساتھ یہ ان کی مسلسل تیسری جیت تھی، میلبورن میں ٹاپ سیڈ انڈو امریکن جوڑی نے فائنل میں چیک جوڑی اینڈریا ہلواکووا اور لوسی ہراڈیکا کو 7(7)- 6(1)، 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔
2023 میں ہونیوالے آسٹریلین اوپن ڈبلز کے فائنل میچ میں بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا ایک اور اعزاز جیتنےکا خواب ادھورا رہ گیا ، انہیں ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا کے ساتھ برازیلین جوڑی نے شکست دی ۔
ثانیہ مرزا گرینڈ سلام کے علاوہ کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں بھی بے شمار کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں ، انہوں نےکامن ویلتھ گیمز 2010 سنگلز میں چاندی اور ڈبلز میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا جبکہ ایشین گیمز میں وہ مجموعی طور پر سات میڈلز اپنے نام کرچکی ہیں ۔
ثانیہ کا شمار ٹینس کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل رہا ہے لیکن کلائی اور گھٹنے کی انجریز نے ان کے کیرئیر کو محدود کردیا۔
گزشتہ برس ٹینس سٹار نے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا ۔
ثانیہ مرزا کو برطانوی نشریاتی ادارے نے 2015 میں دنیا کی 100 سب سے متاثر کن خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے ۔