رافیل نڈال پہلی بار فرنچ اوپن سے دستبردار، 2024 میں ریٹائرمنٹ کا عندیہ

Published On 19 May,2023 09:27 am

سڈنی : (دنیانیوز) کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال 19 سال میں پہلی بار فرنچ اوپن ٹینس سے دستبردار ہوگئے، رافیل نے 2024 میں ریٹائرمنٹ لینے کا بھی عندیہ دے دیا ۔

36 سالہ ٹینس سٹار انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہوسکے ہیں ، رافیل نڈال کا کہنا ہے کہ انجری توقع سے زیادہ طویل ہوگئی ہے، ابھی مکمل فٹ نہیں ، دستبرداری کا فیصلہ میں نے نہیں بلکہ میرے جسم نے کیا ہے ، رولینڈ گیروس کو کھیلنا ناممکن ہے۔

22 گرینڈ سلیم  جیتنے والے نڈال کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انجری کے سبب ابھی مزید کچھ ماہ ٹینس کورٹ سے دور رہیں گے ، جس کی وجہ ان کی ومبلڈن میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

ٹینس سٹار کی ستمبر سے قبل ٹینس کورٹس میں واپسی مشکل ہے، رافیل نڈال نے 2024 کو اپنے کیریئر کا آخری سال بھی قرار دے دیا ہے۔

سپین سے تعلق رکھنے والے رافیل نڈال اس سال آسٹریلین اوپن کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :رافیل نڈال انجری کے باعث بارسلونا اوپن سے دستبردار

رافیل نڈال 2005 میں ڈیبیو کے بعد سے پہلی بار فرنچ اوپن سے آؤٹ ہوئے ہیں ،  گزشتہ 17 ایونٹس میں نڈال نے 14 ٹائٹلز جیتے، جس میں انہیں صرف 3 مرتبہ شکست ہوئی۔

واضح رہے کہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ 22 مئی سے 11 جون تک کھیلا جائے گا، 2005 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے یہ پہلا موقع ہوگا کہ رافیل نڈال اس ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

 

Advertisement