یو ایس اوپن ویمنزسنگلز : کوکوگف اور آریانا سابالینکا فائنل میں پہنچ گئیں

Published On 08 September,2023 11:03 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سابالینکا اور امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورمیگا ایونٹ کی سکستھ سیڈڈ کوکوگف اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں۔

سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹرمیں جاری ہیں۔

ویمنز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سابالینکانے سخت مقابلے کے بعد میزبان حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کو 6-0، 6-7(1-7) اور 6-7(5-10) سے ہرا کر یو ایس اوپن ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ایک اور میچ میں امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورمیگا ایونٹ کی سکستھ سیڈڈ کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے ہرا کر نہ صرف فائنل کیلئے کوالیفائی کیا بلکہ پہلی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے ۔

کو کو گف 1999 میں اپنی آئیڈیل سرینا ولیمز کے بعد یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچنے والی سب سے کم عمر امریکی خاتون کھلاڑی ہیں۔

علاوہ ازیں جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا اور میزبان ٹینس سٹار میڈیسن کیز خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں ۔