ساما بے: (دنیا نیوز) ایشین یوتھ گیمز میں ریسلر حسن علی نے برانز میڈل جیت لیا جس کے بعد ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
بحرین کے شہر ساما بے میں جاری تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں پاکستانی پہلوان حسن علی نے ملک کیلئے تیسرا تمغہ حاصل کر لیا، حسن علی نے بیچ ریسلنگ ایونٹ میں برانز میڈل اپنے نام کیا، حسن علی کو سابق کامن ویلتھ گیمز چیمپئن محمد انعام بٹ نے تربیت دی تھی۔
پہلوان حسن علی نے 70 کلوگرام مقابلے میں تاجکستان کے ادریس بخرموف کو 0-2 سے شکست دی، اس سے قبل حسن علی کو سیمی فائنل میں ایران کے سینا شکوہی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم برانز میڈل تک کے اپنے سفر میں انہوں نے اردن کے مرافی عبدالرحمان اور تاجکستان کے ایک اور پہلوان بازارزادہ کو شکست دی۔



