میلان: (ویب ڈیسک) ناروے نے فٹ بال کی دنیا میں تاریخ رقم کردی، 28 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
میلان میں کھیلے گئے اہم کوالیفائنگ میچ میں میزبان اٹلی کو ناروے نے ایک گول کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیا۔
اٹلی نے میچ کے آغاز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور ناروے پر ایک گول کی برتری حاصل کر لی لیکن دوسرے ہاف میں ناروے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔
ناروے کے سٹار فٹ بالر انتونیو نوسا اور ایرلنگ ہالینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اٹلی پر تابڑ توڑ حملے کئے، جس سے ناروے چار گول کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
اس تاریخی کامیابی پر ناروے میں شائقین نے جشن منایا، ناروے کے ہزاروں شائقین میلان کے سٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے اپنے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔



