ڈیجیٹل مقاصد کا حصول، ہواوے کا 1000 پاکستانی ملازمین کو تربیت فراہم کرنے کا اعلان

Published On 03 May,2021 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے وزارت آئی ٹی کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے تحت 1000 سرکاری ملازمین کو تربیت فراہم کرے گی، سرکاری عہدیداران کی تربیتی پروگراموں کے لئے رجسٹریشن کی جائے گی۔

یہ اہم اعلان ہواوے کے نائب صدر برائے مشرقِ وسطیٰ لی شیانگ یُو نے صدر مملکت ڈاکٹر عارفی علوی کیساتھ خصوصی ملاقات کے موقع پر کہی۔ انہوں نے آئی ٹی سے متعلق مہارتوں کے فروغ میں ہواوے کے کردار کے بارے میں پریزینٹیشن بھی دی۔

انہوں نے بتایا کہ ہواوے نے 2018ء سے 2020ء تک دس ہزار ملازمتوں کی فراہمی اور حکومت کو 12 کروڑ ڈالر کے ٹیکسز ادائیگی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اپنے حصے کا کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ ناگہانی آفات میں ریلیف کی حکومتی کوششوں میں معاونت کے لیے بھی 60 لاکھ ڈالر خرچ کئے ہیں۔ اسی طرح ان کے ادارے نے پاکستان کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ٹیلنٹ کے لئے 2020 میں 10 ہزار سرٹیفکیشنز فراہم کئے۔

صدر عارف علوی نے پاکستان کے لوگوں کو آئی سی ٹی ہنر کی تربیت فراہم کرنے کے لئے ہواوے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت کی کہ مصنوعی ذہانت ، بلاک چین، بگ ڈیٹا، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور دیگر ٹیکنالوجیز کے شعبہ میں سرکاری ملازمین کی تربیت کے پروگراموں کے لئے ٹائم لائنز طے کی جائیں۔ اسی طرح جدید آئیڈیاز سامنے لانے کے علاوہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو جلد عملی جامہ پہنانے کے لئے ہواوے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے۔