بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی حکام نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بچوں کے آن لائن گیمز کھیلنے کے اوقات مقرر کر دیئے ہیں جس کے تحت ہفتے میں صرف تین گھنٹے مختص ہوں گے۔
چینی میڈیا ساؤتھ چائنہ مورننگ پوسٹ کے مطابق چین میں نگران ادارے کی جانب سے گیم انڈسٹری پر اب تک کی سب سے سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ حکام کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق بچے جمعہ، ہفتے اور اتوار کی شام آٹھ سے نو بجے تک ایک گھنٹہ آن لائن گیمز کھیل سکیں گے۔ اس پابندی کا اطلاق یکم ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔
چینی میڈیا شنہوا کے مطابق بہت سارے والدین کا ماننا ہے کہ بچوں کی جانب سے مسلسل آن لائن گیم کھیلنے کے باعث ان کی سیکھنے والی قابلیت گھٹ رہی ہے جبکہ ذہنی اور جسمانی مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، آن لائن گیمز بھی معاشرتی مسائل کی وجہ بن رہی ہیں۔
قبل ازیں چین میں 2019ء میں بچوں کو روزانہ ڈیڑھ گھنٹے جبکہ عام تعطیل کے دن تین گھنٹے آن لائن گیمز کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔
نئے قواعد سے چین کی دو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ٹینسنٹ اور نیٹ ایز متاثر ہوں گی۔ ٹینسنٹ کی آن لائن ملٹی پلیئر گیم ’آنر آف کنگز‘ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہے۔
چین کے نگران ادارے کی جانب سے آن لائن گیمز کے لیے نئے قواعد کے اعلان کے بعد ٹینسنٹ کمپنی کے شیئرز کی قیمت سٹاک مارکیٹ میں گر گئے۔ ٹینسنٹ کمپنی کی کُل مالیت رواں سال فروری میں 573 ارب ڈالر تھی جو حالیہ عرصے میں گری ہے۔